آرمی چیف نے 11 خطرناک دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی

شیئر کریں

 آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 11 خطرناک دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی جبکہ 4 دہشت گردوں کو قید کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق سزائے موت پانے والے دہشت گردوں میں عین اللہ، نیک ولی، فضل منان، رحمت زادہ، زید محمد، نعمت اللہ، مسکین زادہ، محمد رحمان، عظمت اللہ، رقیم اور اکرام خان شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں اور فوج پر حملوں میں ملوث تھے، جبکہ انہوں نے تعلیمی اداروں اور شہریوں پر بھی حملے کیے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ان دہشت گردوں نے 49 شہریوں، 20 فوجی اور پولیس اہلکاروں کو شہید جبکہ 148 افراد کو زخمی بھی کیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق دہشت گردوں سے گرفتاری کے وقت اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ان 11 دہشت گردوں کے خلاف ملٹری کورٹ میں مقدمات کی سماعت ہوئی اور انہیں سزائے موت سنائی گئی، جس کی آج آرمی چیف نے توثیق کردی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 4 دہشت گردوں کو قید کی سزائیں بھی سنائی گئی ہیں۔


شیئر کریں