کالا باغ ڈیم بنانے پر اتفاق رائے کیا جاسکتا ہے: بلاول بھٹو

شیئر کریں

 پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ کالا باغ ڈیم بنانا حکومتوں کا کام ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں کوئی ملک ایسا نہیں جہاں عدلیہ نے ڈیم بنایا ہو۔

نوابشاہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ کالا باغ ڈیم بنانے پر اتفاق رائے قائم کیا جاسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو ڈیم بنانا چاہتے تھے ان کی اپنی ہی رپورٹ میں کہا گیا کہ یہ ڈیم نقصان پہنچائے گا اور دنیا میں کوئی ایسا ملک نہیں جہاں کسی عدلیہ نے ڈیم بنایا ہو۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پانی کا مسئلہ سب سے بڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اس مسئلے کے حل کے لیے جدوجہد کر رہی ہے اور ہم نے سندھ میں کئی چھوٹے ڈیم بنائے، تاہم کسی جماعت نے اس مسئلے کو نہیں اٹھایا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بہت بڑی کامیابی ہے کہ اقتدار ایک حکومت سے دوسری حکومت کو منتقل ہورہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کو عوام پر اعتماد ہے اور کٹھ پتلیوں کو بھی کہتا ہوں کہ عوام پر اعتماد کریں۔

اندرون سندھ پیپلز پارٹی کے خلاف بننے والے گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) سے متعلق بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کٹھ پتلی اتحاد سے واقف ہیں، ان کا ایجنڈا الگ الگ ہے تاہم سندھ کے عوام ان کے ساتھ نہیں اور وہ پیپلز پارٹی اور بینظیر بھٹو کے ساتھ ہیں۔


شیئر کریں