امریکہ پابندیاں واپس لے یا نتائج کے لیے تیار ہو جائے

شیئر کریں

چین نے امریکہ کو خبردار کیا ہے کہ وہ روس سے جیٹ طیارے خریدنے کی پاداش میں چین پر لگائی جانے والی پابندیاں واپس لے یا پھر نتائج کے لیے تیار ہو جائے۔

جمعرات کو امریکی محکمہ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ چین روس سے ایس یو 35 جنگی طیارے اور زمین سے فضا تک مار کرنے والے ایس 400 میزائل خرید رہا ہے، یہ خریداری امریکہ کی جانب سے اس روسی پابندی کے زمرے میں آتی ہے جو 2016 میں روس کی جانب سے امریکی انتخابات میں مبینہ مداخلت اور یوکرین میں فوجی کارروائی کے بعد لگائی گئی ہے۔

چینی دفترِ خارجہ کے ترجمان نے اس جے جواب میں کہا ہے کہ  اگر امریکہ پابندی کے یہ احکامات منسوخ نہیں کرتا تو اسے اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ چین امریکی انتظامیہ کے اس بلاجواز اقدام کو سخت ناپسندیدگی کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

 ماسکو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ روس کو اسلحے کی عالمی مارکیٹ سے دور رکھ کر آگ سے کھیل رہا ہے۔

روسی صدر کے ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا کہ یہ غیر تجارتی عمل، بین الاقوامی تجارت کے اصول و ضوابط کے خلاف ہے اور امریکہ اپنے حریف تجارتی ممالک کو اس مارکیٹ سے باہر رکھنا چاہتا ہے۔

واضح رہے کہ امریکا نے 33 ایسے افراد اور اداروں  کو بلیک لسٹ کردیا ہے جو روسی فوجی اور انٹیلی جنس سے وابستہ ہیں۔ ان میں روسی سفیر رابرٹ میولر بھی شامل ہیں جن پر 2016ء کے امریکی انتخابات میں مبینہ مداخلت کے الزامات لگائے گئے ہیں۔

امریکہ کا کہنا ہے کہ چین نے روس سے طیارے خرید کر روس پر عائد ان پابندیوں کی خلاف ورزی کی ہے جو اس پر امریکی انتخابات میں مداخلت اور یوکرین میں فوج کشی کے بعد لگائی گئی تھیں۔


شیئر کریں