ایف آئی اے نے آصف زرداری اور فریال تالپور کو طلب کر لیا

شیئر کریں

 وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور فریال تالپور کو کل صبح 10 بجے طلب کرلیا پے۔

 ایف آئی اے بے نامی اکاؤنٹ سے منی لانڈرنگ کیس میں 32 افراد کے خلاف تحقیقات کررہی ہے، جس سلسلے میں آصف زرداری کے قریبی ساتھی حسین لوائی کو گزشتہ دنوں گرفتار کیا گیا جب کہ سابق صدر اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کا نام بھی سپریم کورٹ کی ہدایت پر ایگزیکٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالا گیا ہے، اور دونوں کےبیرون ملک جانے پر پابندی ہے۔

ایف آئی اے نے تحقیقات کے لیے7 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے جب کہ سپریم کورٹ نے اسی کیس میں سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کو 12 جولائی کو طلب کرلیا ہے۔

 سپریم کورٹ کے بلانے سے پہلے ایف آئی اے سندھ نے آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو نوٹس جاری کردیئے ہیں۔ ایف آئی اے انسپکٹر محمد علی ابڑو کی جانب سے منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں نوٹس جاری کیے گئے ہیں اور دونوں شخصیات کو پوچھ گچھ کے لیے ایف آئی اے اسٹیٹ بینک سرکل میں کل 11 جولائی کو طلب کیا گیا ہے۔


شیئر کریں