ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے اخراج کیلئے پاکستان کو سفارتی حمایت درکار

شیئر کریں

تکنیکی امور پر کام کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کو آئندہ 4 ہفتوں کے دوران بھرپور سفارتی کوششیں کرنی ہوں گی تاکہ فنانشل ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی گرے لسٹ سے نکلنے کے لیے حمایت اور مطلوبہ تعداد میں ووٹس حاصل کیے جاسکیں۔

ایک سینئر حکومتی عہدیدار نے ڈان اخبار کو بتایا کہ 16 سے 21 جون تک امریکی ریاست اورلینڈو کے شہر فلوریڈا میں ہونے والا ایف اے ٹی ایف کا پلانری اینڈ ورکنگ گروپ اجلاس پاکستان کے گرے لسٹ سے چھٹکارے کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے بصورت دیگر اسے بلیک لسٹ میں شامل کردیا جائے گا جس کے سنگین اقتصادی نتائج ہوں گے۔

فلوریڈا میں ہونے والا اجلاس دراصل پاکستان کے مستقبل کی راہ متعین کرے گا جبکہ باضابطہ اعلان 28 سے 23 اکتوبر کو پیرس میں ہونے والے ایف اے ٹی ایف کےاجلاس میں کیا جائے گا۔

ایف اے ٹی ایف کی ذیلی تنظیم ایشیا پیسفک گروپ (اے پی جی) کے اجلاس میں شرکت کرنے والے عہدیدار کا کہنا تھا پاکستان اب اقوامِ متحدہ کی قراردادوں پر مکمل طور پر عمل پیرا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے گزشتہ 2ماہ میں ایف اے ٹی ایف کی شرائط پر پورا اترنے کی غرض سے ریگولیٹری اور مانیٹرینگ کے حوالے سے بھرپور اقدامات کیے ہیں اور اب اس کا قانونی نظام بھی بہترین ہے سوائے انسدادِ منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 میں کچھ ترامیم کے جو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ریونیو کے پاس زیرِ التوا ہیں۔

پاکستان کو گرے لسٹ سے نکلنے کے لیے 15 سے 16 ووٹس درکار ہیں جبکہ بلیک لسٹ میں اندراج سے بچنے کے لیے کم از کم 3 ووٹ لازمی ہیں۔

ایف اے ٹی ایف میں اس وقت 36 اراکین ممالک کے پاس ووٹ کا اختیار ہے اور 2 علاقائی تنظیمیں ہیں جو دنیا بھر کے بڑے مالیاتی اداروں کی نمائندگی کرتی ہیں۔

ایف اے ٹی ایف نے گزشتہ برس جون میں انسدادِ منی لانڈرنگ میں ’اسٹریٹجک خامیوں‘ کی بنا پر اس وقت پاکستان کو گرے لسٹ میں شامل کردیا تھا جب وہ دوست ممالک کے ذاتی سیاسی اہداف کے باعث 3 ووٹ حاصل کرنے میں ناکام ہوگیا تھا۔

اس وقت صرف ترکی تھا جو امریکہ، برطانیہ، بھارت اور یورپ کی بھرپور مہم کے باوجود پاکستان کی حمایت پر ڈٹا رہا، دوسری جانب آئندہ برس چین ایف اے ٹی ایف کی صدارت کا منصب سنبھال لے گا جبکہ سعودی عرب خلیج تعاون کونسل کی نمائندگی کرتے ہوئے ایف اے ٹی ایف کا مستقل رکن بنے گا۔

چین میں ہونے والے ایشیا ہیسیفک گروپ کے اجلاس میں پاکستانی وفد نے اراکین کے سخت سوالات کے باوجود 10 نکاتی ایکشن پلان کے تحت اٹھائے اقدامات پر بھرپور کیس پیش کیا، جس پر اے پی جی عمومی طور پر اسلام آباد کی کارکردگی پر مطمئن نظر آئے لیکن یہ اجلاس ایسا نہیں تھا کہ جس سے کوئی توقع یا نتیجہ اخذ کیا جاسکے۔ چین میں ہونے والے اجلاس میں پاکستان نے اپنی کارکردگی رپورٹ جمع کروادی ہے اور کچھ معاملات کی وضاحت کے لیے اے پی جی اراکین کے سوالات کے جوابات بھی دیے۔

اب اے پی جی پاکستانی رپورٹ اور سوالات و جوابات کی روشنی میں امریکہ میں 16 سے 21 جون کے درمیان ہونے والے ایف اےٹی ایف اجلاس میں اپنی رپورٹ پیش کرے گا۔


شیئر کریں