بھارتی انتخابات کا پانچواں مرحلہ: 7 ریاستوں کی 51 نشستوں پر پولنگ

شیئر کریں

بھارتی لوک سبھا (ایوان زیریں) کے 17 ویں انتخابات کے پانچویں مرحلے میں آج (بروز پیر) 7 ریاستوں کی 51 نشستوں پر پولنگ جاری ہے۔

ایک ارب 30 کروڑ آبادی والے ملک میں 6 ہفتوں پر محیط طویل انتخابات کے پانچویں مرحلے میں 7 ریاستوں کی 51 نشستوں پر ووٹنگ ہورہی ہے۔

بھارتی انتخابات کے پانچویں مرحلے میں جن ریاستوں میں پولنگ جاری ہے ان میں بہار، مقبوضہ کشمیر، جھارکھنڈ، مدھیہ پردیش، راجستھان، اترپردیش اور مغربی بنگال شامل ہیں۔

ہندوستان ٹائمزکے مطابق پانچویں مرحلے میں سونیا گاندھی کے حلقے رائے بریلی، بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ کے حلقے لکھنو، امیتھی میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی اور سارن میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے راجیو پرتاپ کی نشست پر بھی ووٹنگ ہوگی۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پولنگ کا آغاز ہوتے ہی ٹوئٹر پر کہا کہ لوک سبھا کے انتخابات 2019 کے پانچویں مرحلے میں ووٹنگ کرنے والے افراد سے درخواست ہے کہ وہ بڑی تعداد میں ووٹ دیں۔


شیئر کریں