بھارتی انتخابات کا چوتھا مرحلہ: 9ریاستوں کی 72 نشستوں پر پولنگ

شیئر کریں

بھارت کے لوک سبھا (ایوان زیریں) کے 17 ویں انتخابات کے چوتھے مرحلے میں آج (پیر) کو پولنگ جاری ہے۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق ایک ارب 30 کروڑ آبادی والے ملک میں 6 ہفتوں طویل انتخابات کے چوتھے مرحلے میں 9 ریاستوں کی 72 نشستوں پر ووٹنگ ہورہی ہے۔

بھارتی انتخابات کے چوتھے مرحلے میں جن ریاستوں میں 12 کروڑ سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے ان میں بہار کی 5 نشستیں، مہاراسٹرا کی 17 نشستیں، راجستھان کی 13 نشستیں، اترپردیش کی 13 نشستیں، اوڈیشا کی 6 نشستیں، مدھیا پردیش کی 6 نشستیں، مغربی بنگال کی 8، جھارکھنڈ کی 3 اور بھارت کے زیر تسلط کشمیر کی ایک نشست شامل ہے۔

اس مرحلے سے متعلق کہا جارہا کہ یہ بھارتی وزیر اعظم کی جماعت کو بڑے ٹیسٹ کا سامنا ہے کیونکہ 2014 کے انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور ان کے اتحادیوں کے ان 72 نشستوں میں سے 56 پر کامیابی حاصل کی تھی اور یہی ان کے اقتدار میں آنے کی وجہ بنی تھی۔

بھارت میں ہونے والے انتخابات کے اس مرحلے کو اس لیے بھی زیادہ اہمیت حاصل ہے کیونکہ اس میں وہاں کے سب سے بڑے شہر ممبئی میں بھی انتخابات ہورہے ہیں، جس میں بھارت کی کچھ امیر ترین خاندانوں، بالی وڈ اسٹاز اور دیگر بھی اپنا ووٹ کاسٹ کر رہے ہیں۔

تاہم سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا تھا کہ اپوزیشن پارٹی کانگریس کی جانب سے اٹھائے گئے نوکریوں کی کمی، کسان کے لیے نامناسب قیمتیں اور دیگر مسائل کی وجہ سے اس مرتبہ بھارتیہ جنتا پارٹی کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔


شیئر کریں