بھارت نے دریائے ستلج، راوی اور چناب میں پانی چھوڑ دیا، کئی دیہات زیرآب

شیئر کریں

بھارت نے دریائے ستلج، راوی اور چناب میں پانی چھوڑ دیا جس کے بعد دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہونے لگی جبکہ سیالکوٹ میں چہور کے مقام پر نالہ ڈیک میں طغیانی سے کئی دیہات زیر آب آگئے۔

بھارت کی جانب سے آنے والے پانی سے نالہ ڈیک میں اونچے درجے کا سیلاب ہے جبکہ پنجاب کے شہر شکر گڑھ میں نالہ بئیں میں طغیانی کے بعد سینکڑوں ایکڑ فصل زیر آب آگئی۔ بالائی علاقوں میں مسلسل بارشوں سے نارووال کے ندی نالوں میں بھی طغیانی ہے، سیلابی صورتحال کے پیش نظر محکمہ انہار نے نالہ اوج اور نالہ ڈیک کے مقام پر فلڈ واچنگ کیمپ قائم کردیے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روزخدشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ بھارت کی جانب سے پانی چھوڑے جانے کا امکان ہے، جس سے قریبی اضلاع متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

محکمہ انہار کا کہنا ہے کہ نالہ ڈیک میں اونچے درجے کا سیلاب ہے اور سیلابی ریلہ حفاظتی بندوں کے درمیان محفوظ طریقے سےگزر رہا ہے تاہم ناگہانی حالات کی صورت میں ضروری مشینری اور عملہ موجود ہے۔

محکمہ انہار کے مطابق نالہ اوج پر سیلابی ریلہ انتہائی سیلاب کے لیول سے 3 فٹ کم پر گزر رہا ہے جہاں موجودہ لیول 861 فٹ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب فلڈ کنٹرول روم کا کہنا ہے کہ ہیڈ مرالہ پر دریائے چناب میں پانی کی سطح 88 ہزار 364 کیوسک ہے اور اس وقت پانی معمول کے مطابق بہہ رہا ہے۔

فلڈ کنٹروم روم کا کہنا ہے کہ دریائے جموں توی میں نچلے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کی سطح 20 ہزار833 کیوسک ہے جب کہ کنگرہ کے مقام پر نالہ ڈیک میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔


شیئر کریں