روپے کی تاریخی گراوٹ، وزیر اعظم نے اقدامات کیلئے کمیٹی قائم کر دی

شیئر کریں

روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچنے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے روپے کی قدر میں کمی پر قابو پانے کے لیے کمیٹی قائم کردی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی گئی۔ اجلاس میں ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے اراکین نے ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی کی وجوہات سے متعلق وزیراعظم کو آگاہ کیا۔

روپے کی قدر میں کمی پر قابو پانے کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹی میں سٹیٹ بینک کے گورنر بھی شامل ہیں۔

اجلاس کے بعد ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدر ملک بوستان نے کہا کہ انہوں نےحکومت کو روپے کی قدر میں کمی پر قابو پانے کے لیے تجاویز پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ان کی تجاویز پر غور کیا اور یقین دہانی کروائی کہ ان کی پیش کردہ تجاویز کی روشنی میں کارروائی کی جائے گی۔

گزشتہ 23 برس میں پاکستان سے160 ارب ڈالر باہر بھیجے گئے جبکہ ملک کا مجموعی غیر ملکی گردشی قرضہ ایک سو ارب ڈالر تھا۔

ملک بوستان نے بتایا کہ وزیراعظم نے کہا تھا کہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی کی وجہ سے پاکستان کو دنیا کے سامنے شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔ ای سی اے پی کے صدر نے بتایا کہ انہوں نے وزیراعظم کو بتایا کہ ملک میں غیر ملکی زرمبادلہ کی کمی نہیں لیکن اسے منظم کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ گزشتہ 23 برس میں پاکستان سے160 ارب ڈالر باہر بھیجے گئے جبکہ ملک کا مجموعی غیر ملکی گردشی قرضہ ایک سو ارب ڈالر تھا۔ ملک بوستان نے کہا کہ ڈالر کی منتقلی کے اکثر کیسز پشاور اور کوئٹہ سے رپورٹ ہوئے تھے، انہوں نے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کو اس مسئلے کا ذمہ دار قرار دیا۔

ای سی اے پی کے صدر کا کہنا تھا کہ جب افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کا آغاز ہوا تو اس وقت پڑوسی ملک میں کوئی کمرشل بینک نہیں تھا اس لیے مقامی برآمد کنندگان کو افغانستان سے کرنسی لانے کی اجازت تھی اور انہیں بعدازاں اس رقم کو پاکستان کے بینکوں میں جمع کروانا ہوتا تھا, لیکن وہاں بینک کھلنے کے باوجود مقامی برآمد کنندگان افغانستان سے رقم لاتے ہیں لیکن اسے پاکستان کے بینکوں میں جمع نہیں کرواتے، اس کے بجائے وہ دبئی اور یورپی ممالک کو غیر ملکی زرمبادلہ بھیجتے ہیں۔

پاکستان میں بننے والی اشیا کی درآمد بند کرنے سے اخراجات میں سالانہ 5 ارب سے 10 ارب ڈالر کمی آسکے گی

ملک بوستان کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں کارروائی کرنے سے مقامی معیشت میں 2 ارب ڈالر شامل کیے جاسکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ای سی اے پی وفد نے وزیراعظم کو تجویز پیش کی کہ درآمدات میں کمی کی جائے اور پاکستان میں تیار کی جانے والی اشیا کی درآمد پر پابندی عائد کی جائے۔

ای سی اے پی صدر کا کہنا تھا کہ ایسا کرنے سے درآمدات کے اخراجات میں سالانہ 5 ارب سے 10 ارب ڈالر کمی آسکے گی۔

فاریکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر شیخ علاؤالدین نے کہا کہ ملک میں ڈالر کی کمی کو روکنے کے لیے تجاویز پیش کی گئی تھی۔ اجلاس میں گورنر سٹیٹ بینک، چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے )کے ڈائریکٹر جنرل بھی شریک تھے۔


شیئر کریں