عمران خان نے پاکستان کے 22 ویں وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

شیئر کریں

عمران خان نے پاکستان کے 22 ویں وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ ایوان صدر میں ہونے والی تقریب حلف برداری سے پہلے قومی ترانہ بجایا گیا، جس کے بعد کابینہ سکریٹری نے صدر مملکت سے تقریب شروع کرنےکی اجازت طلب کی۔ جس کے بعد صدر مملکت ممنون حسین نے عمران خان سے وزیراعظم کے عہدے کا حلف لیا۔ حلف برداری کے بعد وزیراعظم عمران خان نے حلف کی دستاویز پر دستخط کیا۔

تقریب کے بعد نو منتخب وزیراعظم عمران خان کو وزیراعظم ہاؤس میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے وزیراعظم عمران خان کو گارڈ آف آنر دیا۔ واضح رہے کہ عمران خان نے وزیراعظم ہاؤس میں نہ رہنے کا فیصلہ کیا ہے، وہ وزیراعظم ہاؤس کی کالونی میں واقع ملٹری سیکریٹری کے ایک چھوٹے مکان میں رہیں گے۔

 تقریب حلف برداری میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ، پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین، نعیم الحق، مراد سعید، ابرار الحق اور دیگر اہم سیاسی شخصیات نے بھی شرکت کی۔

عمران خان کی تقریب حلف برداری میں 1992 کا ورلڈ کپ جیتنے والی قومی ٹیم کے ہیروز، سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو، سابق کرکٹر وسیم اکرم اور اداکار جاوید شیخ بھی شریک ہوئے۔

تقریب سے قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے ایک دوسرے سے مصافحہ کیا اور گلے بھی ملے۔

گزشتہ روز پاکستان کے 22 ویں وزیراعظم کے لیے قومی اسمبلی میں ہونے والے انتخابات میں عمران خان 176 ووٹ لے کر قائد ایوان منتخب ہوئے۔


شیئر کریں