مسلم لیگ کے رہنماوں کی نواز شریف، مریم اور صفدر سے ملاقات

شیئر کریں

سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز سے ملاقات کے لیے مسلم لیگ (ن) کے رہنماوں کی بڑی تعداد اڈیالہ جیل پہنچ گئی۔

اڈیالہ جیل میں آج قیدیوں سے ملاقات کا دن ہے اور شام 5 بجے تک ملاقاتیوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہے گا جس کے پیش نظر سینئر لیگی رہنما نواز شریف سے ملاقات کے لیے جیل پہنچے ہیں۔

اڈیالہ جیل آنے والوں میں سابق وزیرداخلہ احسن اقبال، سابق گورنر سندھ محمد زبیر، سابق وزیر دفاع خرم دستگیر، سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف اور سابق وزیر صحت سائرہ افضل تارڈ شامل ہیں۔ نواز شریف کے قریبی ساتھی طارق فاطمی اپنی اہلیہ کے ہمراہ ان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچے جب کہ جاوید ہاشمی، عرفان صدیقی، مریم اورنگزیب، مصدق ملک، پرویز رشید اور چوہدری تنویر بھی ملاقات کے لیے آنے والوں میں شامل ہیں۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف بھی آج اسلام آباد پہنچ رہے ہیں اور ان کی نواز شریف سے ملاقات کا بھی امکان ہے، جبکہ شہباز شریف آج شام اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔


شیئر کریں