مشیر خزانہ سے اختلاف، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ کے بعد سیکرٹری خزانہ کی تبدیلی کا امکان

شیئر کریں

سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین ہارون شریف کے استعفیٰ کے بعد سیکریٹری خزانہ یونس ڈھاگا کی بھی جلد تبدیلی کی رپورٹس آ رہی ہیں۔

اعلیٰ سطح کے ذرائع نے ڈان اخبار کو بتایا ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ سے مذاکرات کے معاملے پر وزیراعظم کے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اور سیکریٹری خزانہ یونس ڈھاگا کے درمیان اختلافات پائے جاتے ہیں۔

یونس ڈھاگا کا ماننا ہے کہ مشیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ نے پاکستان کے لیے نامناسب معاہدے پر مذاکرات کیے۔ مشیر خزانہ اور سیکریٹری خزانہ کے درمیان اختلافات آئی ایم ایف سے مذاکرات کے آخری مرحلے میں پیدا ہوئے۔

بتایا جاتا ہے کہ سابق وزیر خزانہ اسد عمر کی زیرِ صدارت ٹیم، جس میں یونس ڈھاگا بھی شامل تھے، اس میں آئی ایم ایف پروگرام کو آسان بنایا گیا تھا۔

دوسری جانب حفیظ شیخ پروگرام کو ‘ فرنٹ لوڈڈ ‘ چاہتے ہیں جس کا مطلب یہ ہے مشکل اصلاحات کو طویل عرصے کے بجائے پہلے مکمل کرنا چاہتے ہیں۔

اسی وجہ سے مشیر خزانہ اور سیکریٹری خزانہ میں اختلافات پیدا ہوئے اور آئی ایم ایف پروگرام طے ہونے سے قبل آخری چند مراحل میں یونس ڈھاگا نے کوئی کردار بھی ادا نہیں کیا۔

اس کے ساتھ ہی سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین ہارون شریف نے ڈان کو بتایا کہ ان کے استعفے کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ حکومت نے ایک نئی اقتصادی ٹیم تشکیل دی، جس کی تمام تر توجہ آئی ایم ایف پر مرکوز تھی اور گزشتہ مہینوں میں ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ میں کیے جانے والے اقدامات پر اس ٹیم کی توجہ مرکوز نہیں تھی۔

ہارون شریف نے بتایا کہ کئی مہینوں کی جدوجہد کے بعد اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری سے متعلق مذاکرات فیصلے سے قبل حتمی مراحل میں داخل ہوگئے ہیں لیکن نئی اقتصادی ٹیم کی تعیناتی اور آئی ایم ایف سے مذاکرات کی وجہ سے میرے کام پر توجہ نہیں دی جارہی۔ ہارون شریف نے کہا کہ ان کا خیال ہے کہ برے نتائج کے لیے ذمہ دار ٹھہرائے جانے سے قبل استعفیٰ دینے کا یہ صحیح وقت ہے۔

سرمایہ کاری بورڈ پاک-چین اقتصادی راہداری کے تحت خصوصی اقتصادی زونز کی معاونت کرنے والے اداروں میں سے ایک ہے۔ ہارون شریف نے ‘کاروباری میں آسانی’ سے متعلق پاکستان کی درجہ بندی میں بہتری کو ترجیح دی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی، فود پروسیسنگ، ٹیکسٹائل اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری پر توجہ مرکوز کی۔


شیئر کریں