نواز شریف اور مریم کی واپسی: گرفتاری کے لیے نیب کے انتظامات مکمل

شیئر کریں

 سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز آج شام وطن واپس پہنچیں گے، جہاں نیب نے ان کی گرفتاری کے انتظام مکمل کر لیے ہیں۔ نواز شریف اور مریم نواز لندن سے ابوظہبی پہنچ چکے ہیں جہاں سے روانہ ہونے کے بعد دونوں شام سوا 6 بجے کے قریب پاکستان پہنچیں گے۔

نیب نے نواز شریف اور مریم نواز کو لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کرنے کے لیے 16 رکنی ٹیم تشکیل دے رکھی ہے جبکہ دو ہیلی کاپٹر بھی لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچا دیئے گئے ہیں۔

ابوظہبی میں نواز شریف اور مریم نواز کی گرفتاری کی رپورٹس مسترد کرتے ہوئے پاکستانی سفارتی حکام کا کہنا ہے کہ ایسی کوئی اطلاع نہیں اور نہ ہی انہیں نیب کی ٹیم کی متحدہ عرب امارات آمد کا علم ہے۔

 حکام کے مطابق نواز شریف اور مریم نواز کو گرفتار کرنے کے بعد اسلام آباد لایا جائے گا جہاں سے انہیں اڈیالہ جیل منتقل کیا جائے گا۔

گذشتہ رات لندن سے روانگی سے قبل سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ جیل کی کوٹھڑی اپنے سامنے دیکھ کر پاکستان آرہا ہوں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ 25 جولائی کا الیکشن سب سے بڑا ریفرنڈم ہوگا۔


شیئر کریں