نواز شریف کی ضمانت کی مدت ختم، آج کوٹ لکھپت جیل منتقل ہوجائیں گے

شیئر کریں

میاں نواز شریف کی ضمانت پر رہائی کے 6 ہفتے مکمل ہوگئے جس کے بعد وہ آج کوٹ لکھپت جیل منتقل ہوں گے۔

سابق وزیراعظم افطار کے بعد جلوس کی شکل میں کوٹ لکھپت جیل جا کر گرفتاری دیں گے۔ جلوس کی قیادت مریم نواز کریں گی۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق نواز شریف کو شام پانچ بجے سے پہلے کوٹ لکھپت جیل پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے تنبیہ کی ہے کہ جلوس کی شکل میں جیل جانا عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہوگا۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ عدالت کی جانب سے 7 مئی کی رات 12 بجے تک نواز شریف کو ضمانت دی گئی تھی تو وہ 5 بجے جیل کیوں پہنچیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا جیل جانے کے لیے پروگرام پہلے ترتیب دیا جاچکا ہے۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی تنظیم نے فیصلہ کیا ہے کہ سابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز والد سے اظہارِ یکجہتی جلوس کی قیادت کریں گی۔

ن لیگ کی سیکریٹری اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مریم نواز اپنے والد کو رخصت کریں گی اور وہ والد کے ساتھ گاڑی میں موجود ہوں گی۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ جتنا کٹھن فیصلہ ایک باپ کا بیٹی کا ہاتھ تھامے جیل جانے کا تھا، اتنا ہی کٹھن ایک بیٹی کا اپنے محبوب والد کو جیل چھوڑ کر آنا ہے لیکن میں جاؤں گی۔


شیئر کریں