وزیراعظم،چینی صدر کا دوطرفہ تعلقات،علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال

شیئر کریں

چین کے صدر شی چن پنگ نے پاکستان چین سدابہار سٹریٹجک شراکت داری کو مستحکم کرنے اور مشترکہ مستقبل کے نئے دور کے آغاز کیلئے وزیراعظم عمران خان ساتھ مل کر کام کرنے پر آمادگی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ملاقات میں کیا۔ شی چن پنگ نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور پھر کہا کہ ہم سدا بہار دوست ہیں۔ انہوں نے باہمی دلچسپی کے تمام اہم امور کے بارے میں پاکستان کیلئے چین کی مستقل حمایت کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے اس موقع پرکہا کہ صدر شی کے ایک خطہ ایک شاہراہ منصوبے کے وژن اور اس کے تحت اقتصادی راہداری کے اہم منصوبے سے خطے اور دنیا بھر کے لئے سازگار حالات اور خوشحالی کا حصول ممکن ہو گا۔عمران خان نے کہا کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے۔ انہوں نے دونوں برادر ملکوں کے تعلقات مزید مستحکم کرنے کی خواہش ظاہر کی۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان مشترکہ مفادات، روایات اور عالمگیریت کے فروغ کیلئے چین کا ساتھ دے گا۔انہوں نے صدر شی چن پنگ کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی۔دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔دونوں رہنماؤں نے مسلسل سیاسی اور اقتصادی غیریقینی صورتحال پر قابو پانے کے لئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم عمران خان اور صدر شی نے اقتصادی راہداری کی پیش رفت کا جائزہ اور اس کی کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور پاکستان کیلئے اس کے زیادہ سے زیادہ ثمرات یقینی بنانے کی غرض سے اس کی جلد تکمیل کا عزم ظاہر کیا۔چین کے صدر نے عمران خان کو وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔وزیراعظم عمران خان نے اپنے پرتپاک استقبال عمدہ مہمان نوازی اور گرمجوشی کے اظہار پر چین کے صدر، حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے چین کے صدر کو اصلاحات کے چالیس سال مکمل ہونے پر مبارکباد دی جس کی بدولت اس نے ترقی کی منزلیں طے کی ہیں۔وزیراعظم عمران خان کل چین کے وزیراعظم لی کی کیانگ سے ملاقات کریںگے اس موقع پر دونوں ملکوں کی جانب سے کئی معاہدوں پر دستخط متوقع ہیں۔


شیئر کریں