پاکستان ایف اے ٹی ایف میں اپنا کیس پیش کرنے کیلئے تیار

شیئر کریں

منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کے لیے عالمی معیار کی تعمیل کرتے ہوئے اور کارکردگی کی بنیاد پر جائزے کی سفارتی کوششوں کے ساتھ ساتھ پاکستان 15مئی کو سری لنکا میں فنانشل ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے سامنے اپنا کیس پیش کرے گا۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے فنانس اور ریونیو کا ان کیمرہ اجلاس ہوا جس میں سیکریٹری خزانہ محمد یونس ڈھاگا، فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین، سیکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے کمشنرز، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعلیٰ ترین افسران، وزارت خارجہ اور نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) کے نمائندے شریک ہوئے اور ایف اے ٹی ایف کے ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے آگاہ کیا۔

اجلاس میں کمیٹی کو بتایا گیا کہ پاکستان نے اب تک ایف اے ٹی ایف کے 28-29 نکات میں سے 19 پر عملدرآمد کروادیا ہے جبکہ انتظامی اور قانون سازی کے حوالے سے 5 نکات پر ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

کمیٹی کو یہ بھی بتایا گیا کہ وزارت خارجہ ایف اے ٹی ایف میں جغرافیائی صورتحال کے بجائے کارکردگی کی بنیاد پر جائزہ لینے کے لیے امریکا سمیت بااثر ممالک اور یورپی یونین سے رابطہ کرے گی اور اس کے لیے ایف اے ٹی ایف کے صدر مارشل بلنگسلیا کے سامنے بھی موقف پیش کیا جاچکا ہے۔

خیال رہے کہ مارشل بلنگسلیا، امریکی محکمہ خزانہ میں نائب سیکریٹری کے عہدے پر بھی فائز ہیں اور دہشت گردوں کی مالی معاونت اور مالی جرائم کی روک تھام کی تنظیم کی سربراہی بھی انجام دے رہے ہیں۔

اجلاس کے بعد کمیٹی کے چیئرمین فیض اللہ نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ ایف اے ٹی ایف پر دی گئی حکومتی بریفنگ سے مطمئن ہیں، ان کا کہنا تھا کہ حکومت ایف اے ٹی ایف کی شرائط پر تیزی سے عمل کررہی ہے اور اُمید ہے کہ معاملات جلد حل ہوجائیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ان شرائط پر عملدرآمد کرنے کے سلسلے میں کسی کو بھی ہراساں نہیں کیا جانا چاہیے ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے کمیٹی کو یقین دہانی کروائی ہے کہ کوئی عہدیدار ایف اے ٹی ایف کی شرائط کا غلط استعمال یا کسی کو ہراساں کرنے کا مرتکب پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ جیسا کے تصور کیا جارہا ہے کہ 24 مئی کو بجٹ پیش کیا جائے گا یہ درست نہیں بلکہ وزارت خزانہ مئی کے آخری ہفتے میں بجٹ پیش کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔


شیئر کریں