چینی انجینئر گرفتار

شیئر کریں

فیصل آباد کے صنعتی علاقے میں واقع ایک فیکٹری میں مزدور کو بھٹی میں دھکا دینے کے الزام میں چینی انجینئر کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

گرم بھٹی میں گرنے والا مزدور اس وقت ہسپتال میں زیرِ علاج ہے اور جلنے سے اس کے جسم کا 40 فیصد حصہ متاثر ہوا۔

مذکورہ حادثے سے قبل چینی انجینئروں اور مزدوروں کے درمیان کسی بات پر بحث ہوئی تھی۔ مزدوروں نے الزام لگایا ہے کہ چینی انجینئر نے شہروز نامی ایک مزدور کودانستہ طور پر 3 فٹ گہری بھٹی میں دھکا دے دیا۔

اس واقعے کے بعد مدوروں کی جانب سے چینی انجینئروں کے خلاف مظاہرہ کیا اور مشتبہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا اور عدم گرفتاری کی صورت میں غیرمعینہ مدت تک ہڑتال پر جانے کی دھمکی دے دی۔

مزدوروں نے صحافیوں کو بتایا کہ فیکٹری میں کام کرنے والے چینی شہریوں کا رویہ ان کے ساتھ انتہائی سخت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن غیر ملکی شہریوں کو پولیس اور دیگر حکومتی عہدیداران کی جانب سے پروٹوکول فراہم کیا جاتا ہے ان کے خلاف کوئی شکایت سنی نہیں جاتی۔

مزدوروں نے الزام عائد کیا کہ چینی انجینئر نے دانستہ طور پر شہروز نامی مزدور کوبھٹی میں دھکا دیا تاہم جائے حادثہ سے قریب موجود شہروز کے چند ساتھیوں نے فوری مدد کرکے اسے باہر نکالا اور ہسپتال منتقل کیا۔

مزدوروں نے کہا کہ پولیس اب اس معاملے کو ختم کرنے کی کوشش کررہی ہے اور شہروز کو یہ بیان دینے پر دباؤ ڈالا جارہا ہے کہ وہ حادثاتی طور پر بھٹی میں گرا تھا

مدینہ ڈویژن سپرنٹنڈنٹ پولیس طاہر مقصود نے بتایا ہے کہ ڈاکٹروں کے مطابق شہروز کا 40 فیصد جسم جھلس چکا ہے۔


شیئر کریں