گستاخانہ خاکوں کے خلاف احتجاجی ریلی اسلام آباد کی جانب رواں

شیئر کریں

تحریک لبیک کی قیادت میں  داتا دربار سے نکلنے والا لانگ مارچ لالہ موسیٰ پہنچ گیا ہے۔ گستاخانہ خاکوں کے خلاف تحریک لبیک کی قیادت میں لاہور سے نکلنے لانگ مارچ لالہ موسیٰ پہنچ چکا ہے۔ قافلہ اسلام آباد پہنچ کر دھرنا دے گا۔ گزشتہ روز دینی جماعتوں کی جانب سے نکلنے والے لانگ مارچ کی قیادت تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ خادم حسین رضوی کررہے ہیں۔ لانگ مارچ میں  انجمن تاجران اوردینی جماعتوں کے سینکڑوں افراد شریک ہیں۔ جگہ جگہ قافلے کا استقبال کیا جارہا ہے، شرکائے ریلی نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے ہیں جن پر ہالینڈ کے خلاف نعرے درج ہیں۔

مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ حکومت  ہالینڈ کے سفیر کو ملک بددر کرکے ان کے ساتھ ہر قسم کے سفارتی تعلقات ختم کرے۔ مقررین کا کہنا ہے کہ ہالینڈ میں گستاخانہ خاکے شائع کرنے والے ملعون افراد دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کر رہے ہیں، یہ قبیح حرکت کروانے والے دنیا کے سب سے بڑے دہشت گرد ہیں۔

دوسری جانب ریلی کو روکنے کے لئے سرائے عالمگیر میں جہلم پل کو کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا ہے اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال جون میں ہالینڈ کی قدامت پسند جماعت فریڈم پارٹی آف ڈچ کے ملعون رہنما گیرٹ ولڈرز نے پارلیمنٹ میں گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ کروانے کا قبیح اعلان کیا ہے۔ پاکستان نے معاملے پر ہالینڈ کے ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج بھی کیا ہے۔


شیئر کریں