14 ہزار سے زائد پولنگ سٹیشنوں کی ڈیجیٹل نگرانی کا نظام متعارف

شیئر کریں

نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری کا کہنا ہے کہ پولنگ کے دن پر سیکیورٹی کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے اور اہم سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو خصوصی سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

فیصل آباد میں سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ انتخابات میں عوام کو پرامن ماحول فراہم کرنےکے لئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ اس حوالے سے جاری کردہ ایک اعلامیے میں وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ غیر جانبدار اور شفاف انتخابات کے لئے ضابطہ اخلاق کا نفاذ بہت ضروری ہے اور اس سلسلے میں سیاسی جماعتوں اور انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں سے مشاورت بھی جاری ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سرگودھا، ساہیوال اور فیصل آباد میں 14 ہزار سے زائد پولنگ سٹیشنوں کی ڈیجیٹل نگرانی کا نظام متعارف کروادیا گیا ہے، اور اس سلسلے میں کلوز سرکٹ کیمروں کی مدد سے صورتحال پر نظر رکھی جائے گی۔ نگراں وزیراعلیٰ نے خبردار کیا کہ انتخابی مہم کے دوران اور انتخابات کے دن ہوائی فائرنگ یا آتشبازی کے واقعات برداشت نہیں کیے جائیں گے۔

ڈٖاکٹر حسن عسکری کا کہنا تھا کہ انتخابی عملے اور عوام کی سہولت کے لئے تمام تر ضروری اقدامات کیے جائیں گے، اورپولنگ اسٹیشنز پر بنیادی ڈھانچے کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے، اور متعلقہ افسران انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے وہاں کا دورہ بھی کریں۔

قبل ازیں، فیصل آباد، سرگودھا اور ساہیوال ضلع کے کمشنر اور آر پی او نے نگراں وزیراعلیٰ کو انتخابات کے انتظامات اور امن و عامہ کےمعاملات پر بریفنگ دی, جس میں بتایا گیا کہ تینوں اضلاع کے 1800 حساس پولنگ اسٹیشنوں پر ضروری انتظامات کرلیے گئے ہیں۔ اس موقع پر اجلاس میں صوبائی وزرا ضیا حیدر رضوی، شوکت جاوید، وزیراعلیٰ کے سیکریٹری اور دیگر اعلیٰ حکومتی عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔


شیئر کریں