اور اب ودیا بالن بنے گی ’’بوبی جاسوس‘‘       بالی وڈ کی نئی فلم کے بارے میں ایک رپورٹ

اور اب ودیا بالن بنے گی ’’بوبی جاسوس‘‘ بالی وڈ کی نئی فلم کے بارے میں ایک رپورٹ

……..فیصل سعید


بالی و ڈ کی’ چوتھی خان‘ کہلانے والی ودیا بالن ، ایک بار پھر فلم شائقین کو چونکانے کے لئے تیار ہیں۔ تجرباتی کردار کرنے کے لئے مشہوراس بہترین اداکار ہ نے اِس دفعہ جاسوسہ کا کردار نبھانے کی ٹھانی ہے ، جس کے لئے اُس نے بارہ کردار نبھائیں ہیں۔ ’ بوبی جاسوس‘ کے ہدایتکار ثمر شیخ ہیں جبکہ اس کی پروڈیوسر کوئی اور نہیں بلکہ اداکارہ دیا مرزا ہیں۔ چار جولائی کو ریلیز ہونے جارہی اس فلم میں ہیرو کا کردار نئے اداکار علی فضل نبھا رہے ہیں ، جبکہ اس کے کئی گانے ریلیز کردیئے گئے ہیں جن کو لوگوں کی جانب سے بے حد پذیرائی دی جارہی ہے۔ کئی حوالوں سے لوگوں کو اس فلم کا بے حد انتظار ہے ، اور ظاہر اس کی ایک بڑی وجہ ودیا بالن کی فلم میں موجودگی اور ایک منفرد کردار میں سب کے سامنے آنا ہے۔ اب یہ فلم شائقین کو کتنا بھائے گی یہ تو پتہ نہیں البتہ فلمسازوں نے اس کی پرموشن کے لئے دن رات ایک کر رکھا ہے، اور اس مقصد کے لئے مختلف پروگرام لانچ کئے گئے ہیں۔
اس فلم کے پلاٹ کا ذکر کریں تو اسے حیدر آباد میں فلمایا گیا ہے۔ وہاں کی ایک لڑکی بوبی ( ودیا بالن ) کو دوسری لڑکیوں کے برعکس ایک عجیب و غریب شوق ہے۔ اسے نہ تو استانی بننا ہے اور نہ ہی ڈاکٹر بلکہ اس کی منزل ہے اپنے شہر کی سب سے بڑی جاسوس بننا۔ جو بھی اس کی یہ خواہش سنتا ہے ، ایک دفعہ تو ہکا بکا ہوجاتا ہے پھر دوسرے ہی لمحے ہنس پڑتا ہے لیکن بوبی اپنے مقصد کو پورا کرنے کے لئے کسی کی پرواہ نہیں کرتی۔ یاد رہے کہ کوئی بھی بھارتی اداکارہ، پہلی دفعہ اس نوعیت کا کردار نبھا رہی ہے جس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔ یہی وجہ ہے کہ جب سے اس فلم کی کہانی آشکار ہوئی، لوگوں کا اس کے بارے میں تجسس بڑھنے لگا۔ ودیا بالن کا بھی اس حوالے سے کہنا تھا کہ ’’ خاتون جاسوس بننے کا آئیڈیا ہی اس قدر زبردست تھا کہ میں اس سے انکار نہیں کرسکتی تھی ، مجھے اور کیا چاہیے کہ میں بالی وڈ کی تاریخ کا سب سے انوکھا کردار نبھانے کا موقع مل رہا ہے۔ ‘
جہاں تک فلم میں ودیا بالن کے ہیرو کا کردار ادا کرنے والے اداکار علی فضل کا تعلق ہے تو یہ ودیا بالن سے عمر میں کوئی دس برس چھوٹے ہیں جبکہ ہم ان کو اِس سے قبل دو فلموں ’ تھری ایڈیٹس‘ اور ’ فقرے‘ میں بہترین اداکاری کرتے دیکھ چکے ہیں۔لیکن یہ ان کی پہلی مرکزی فلم ہے۔یہ اعزاز بھی ودیا بالن کے حصے میں جاتا ہے کہ انہیں اپنے سے اتنے چھوٹے اداکار کے مقابلے میں کاسٹ کیا گیا ہے ورنہ عموماً بالی وڈ کے پچاس سالہ ہیرو کے ساتھ بھی بیس سالہ ہیروئین چلا دی جاتی ہے ، اور یہ جوڑیاں عموماً ہٹ بھی ہوجاتی ہیں۔لیکن کیا فلمی شائقین دونوں کی عمر کا یہ فرق ہضم کر پائیں گے کیونکہ فلم کے ریلیز ہوئے گانوں میں ودیا بالن واضح طور پر ہیرو سے کہیں بڑی نظر آرہی ہیں؟ لیکن لگتا ہے بالی وڈ میں روایات توڑنے کا جو کامیاب سلسلہ ودیا بالن نے شروع کیا ہے ، اُس کو دیکھتے ہوئے لگتا ہے وہ یہاں بھی ناکام نہیں ہوں گی۔
بوبی جاسوس‘ ایک مکمل مصالحہ انٹر ٹینمنٹ فلم ہوگی ، جس میں شرلاک ہومز، جیمز بانڈ اور مشن امپاسبل جیسی کامیاب جاسوسی فلموں کے تھوڑے تھوڑے لوازمات شامل ہوں گے ،لیکن اس میں بالی وڈ مصالحہ یہی ہوگا کہ اس کا ہیرو کوئی اداکار نہیں بلکہ اداکارہ ہوگی۔ اس فلم کو حیدر آباد میں شوٹ کرنے کا ایک مقصد یہ بھی تھا کہ یہ ودیا بالن کا آبائی شہر ہے اور وہ یہیں پلی بڑھی ہے اور اسے یہاں کی جگہوں اور مقامات اور لوگوں کی عادات کے بارے میں مکمل معلومات تھی۔ اس فلم کی شوٹنگ مسلسل ساٹھ دن تک ہوئی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ودیا بالن کی ’ بوبی جاسوس ‘ اور رنبھیر کپورکی ’ جگا جاسوس ‘ دونوں کی شوٹنگ ایک ہی دن شروع ہوئی۔ یاد رہے کہ رنبھیر کپور کی فلم اُن کی اپنی پروڈکشن ہے جس میں وہ اپنی گرل فرینڈ کترینہ کیف کے ساتھ دکھائی دیں گے۔ لیکن اِن دونوں کی کہانیوں میں کچھ بھی مماثلت نہیں۔ 
بوبی جاسوس کے کردار کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ اسے ایک اصل خاتون جاسوس کی زندگی سے متاثر ہوکر لکھا گیا ہے۔ اس میں ودیا بالن ہمیں بارہ سے زائد کرداروں میں دکھائی دیں گی۔ اس حوالے سے مختلف تصاویر ریلیز کی گئیں جس میں سے ایک میں ودیا ، داڑھی مونچھیں لگا کر ایک فقیر کے روپ میں دکھائی دے رہی ہیں ، اسی لئے طرح کئی ایک میں وہ باوقار کاروباری ایگزیکٹو کے طور پر دکھائی دے رہیں ہیں تو کہیں ایک چھٹے ہوئے بدمعاش کے طور پر۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ ودیا ایک بہترین اداکارہ ہیں اور بنیادی طور پر انہوں نے ہی بالی وڈ میں ہیروئینز کو ہیرو بنانے کی شروعات کیں۔ اس سے قبل ہندی فلموں میں ہیروئین کا کردار ایک شوپیس سے زیادہ کا نہیں ہوتا تھا جس کا کام صرف شائقین کو لبھانا یا رلانا تھا۔اسی لئے یہ امید ظاہر کی جارہی ہے کہ اس کی یہ فلم بھی ’ کہانی ‘ اور ’ڈرٹی پکچر‘ کی طرح غیر روایتی اور دلچسپ ہوگی جس سے بالی وڈ کو کئی نئے ٹرینڈ ملیں گے۔
لیکن ، اس کے ساتھ ساتھ بوبی جاسوس کو شہرت ، اس کے فلمسازوں کی وجہ سے بھی مل رہی ہے۔ یادرہے کہ اس کے پروڈیوسر ز دیا مرزا اور ساحل ساگھا ہے۔ دونوں اس سے قبل بھی ایک فلم لوّ ، بریک اپ ، زندگی کے نام سے ریلیز کر چکے ہیں۔ لیکن اصل خبر یہ ہے کہ دونوں کا ایک ساتھ افئیر چل رہا ہے اس حقیقت کے باوجود کہ ساحل شادی شدہ ہے۔ ان کے افئیر کا راز اس وقت فاش ہوا جب یہ دونوں ممبئی کے مضافا ت میں آدھی رات کو ایک ہوٹل میں کمر ہ بک کراتے پائے گئے، عین اُسی وقت دیا مرزا کے کچھ جانے والے بھی وہاں آگئے جنہیں دیکھ کر وہ دونوں گڑبڑا گئے اور مختلف بہانے تراشتے وہاں سے کھسک گئے،لیکن یہ خبر میڈیا تک پہنچ گئی جس کے بعد دونوں کے افئیر کے چرچے نے اتنا زور پکڑا کہ ساحل کی بیوی نے اس سے طلاق لینے کی دھمکی دے ڈالی۔ دیا مرزا اور ساحل اپنے درمیان کسی بھی تعلق سے انکار کرتے ہیں۔ لیکن کہتے ہیں نا کہ بدنام ہوں گے تو کیا نام نہیں ہوگا، تو چلو افواہ ہی سہی اس سے بوبی جاسوس کو اور بھی شہرت حاصل ہورہی ہے۔ مجموعی طور پر اس فلم کا بے چینی سے انتظار کیا جارہا ہے کیونکہ دنیائے سینما کے سنجیدہ شائق ، ودیا بالن کی اداکاری دیکھنے کے مشتاق ہیں جبکہ انٹر ٹینمنٹ کے دلداہ فلم کے مصالحے کو لے کر ابھی سے جھوم رہے ہیں۔ سونے پر سہاگہ ، فلم کی موسیقی مدھر بھی ہے اور یاد رکھے جانے کے قابل بھی، اسی لئے فلمی پنڈت بوبی جاسوس کو ابھی سے ایک کامیاب فلم قرار دے رہے ہیں۔