آئی ایم ایف نے پاکستان کے لیے قرض کی آخری قسط جاری کر دی

آئی ایم ایف نے پاکستان کے لیے قرض کی آخری قسط جاری کر دی

نیوز ڈیسک۔۔۔

آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کے لیے توسیعی فنڈ سہولت کا 12 ہواں اور آخری جائزہ بھی کامیابی سے مکمل کرلیا ہے، جس کے بعد قرض کی تقریباً 10 کروڑ 21 لاکھ ڈالر کی آخری قسط جاری کردی گئی ہے۔

چار ستمبر 2013 کو آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے توسیعی فنڈ سہولت کے تحت پاکستان کے لیے تقریباً 6.15 ارب ڈالر قرض کی منظوری دی تھی جس کی مدت 36 ماہ رکھی گئی تھی۔اس توسیعی فنڈ سہولت کا مقصد پاکستان کے معاشی اصلاحات پروگرام کو سہارا دینا تھا۔

اس سلسلے میں پاکستان کو پہلی قسط کے 54 کروڑ 45 لاکھ ڈالر 2013 ہی میں مل گئے تھے جب کہ اس کے بعد کی قسطیں وقتاً فوقتاً سہہ ماہی جائزوں کی تکمیل کے بعد جاری کی جاتی رہیں۔

پاکستان کے لیے مذکورہ توسیعی فنڈ کا اعلان کرتے ہوئے آئی ایم ایف نے اعتراف کیاکہ درپیش چیلنجز کے باوجود پاکستان بے پناہ صلاحیتوں، اہم محل وقوع اور انسانی و قدرتی وسائل سے مالامال ملک ہے۔

بعد ازاں قسطوں کی ادائیگی کے حوالے سے منعقد ہونے والے جائزوں میں بھی آئی ایم ایف نے اس بات کا اعتراف کیا کہ پاکستان کے اصلاحاتی پروگرام کی وجہ سے معیشت بہتر ہوئی، ادائیگیوں میں عدم توازن کو روکا اور زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا۔