اوپیک ممالک میں تیل کی پیداوار کم کرنے پر اتفاق

اوپیک ممالک میں تیل کی پیداوار کم کرنے پر اتفاق

نیوز ڈیسک۔۔۔

تیل برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک کی جانب سے تیل کی پیداوار میں کمی پر اتفاق کے بعد عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے ۔ اس معاہدے کے بعد عالمی مارکیٹ میں برینٹ کروڈ خام تیل کی قیمت چھ فیصد اضافے کے بعد 49 ڈالر فی بیرل کے قریب پہنچ گئی ہے۔

الجزائر میں ہونے والے اجلاس میں اوپیک نے سپلائی زیادہ ہونے کے بعد تیل کی پیدوار میں کمی کا ابتدائی معاہدہ کیا۔پچھلے آٹھ برس میں ایسا پہلی بار ہوا ہے جب تیل برآمد کرنے والے ممالک متفقہ طور پر پیداوار محدود کرنے پر رضا مند ہوئے ہوں۔

قطر کے وزیر توانائی اور اوپیک کے صدر محمد بن صالح السدا کے مطابق پیدوار میں کمی کے ابتدائی معاہدے کے تحت اوپیک ممالک اپنی یومیہ پیدوار کو تین کروڑ 30 لاکھ بیرل سے تین کروڑ 25 لاکھ بیرل یومیہ کے درمیان محدود کریں گے۔اس وقت اوپیک ممالک کی جانب سے تیل کی یومیہ پیدوار تین کروڑ 32 لاکھ بیرل یومیہ ہے۔

پیدوار میں کٹوتی کا اطلاق تمام ممالک پر یکساں نہیں ہو گا اور ایران کو اجازت دی گئی ہے کہ وہ تیل کی پیداوار کو بڑھا سکتا ہے۔اجلاس میں شریک ایران کے کے وزیر تیل نے کہا تھا کہ اوپیک نے آج غیر معمولی فیصلہ کیا ہے۔

ماضی میں تیل برآمد کرنے والے نسبتاً چھوٹے ممالک تیل کی قیمت 110 ڈالر فی بیرل سے کم ہونے کے بعد پیدوار میں کمی کے لیے آواز اْٹھاتے رہے ہیں۔تاہم ایران اور سعودی عرب کے مابین کشیدگی کے باعث اوپیک ممالک پیدوار میں کمی کے لیے کسی معاہدے تک نہیں پہنچ سکے تھے۔