شدت پسندوں کی دھمکی کے بعد بھارتی فلمی میلے نے پاکستانی کلاسیکی فلم کی نمائش روک دی

شدت پسندوں کی دھمکی کے بعد بھارتی فلمی میلے نے پاکستانی کلاسیکی فلم کی نمائش روک دی

نیوز ڈیسک۔۔۔

ممبئی فلم فیسٹیول میں پاکستانی کلاسیکل فلم جاگو ہوا سویرا کو میلے میں دکھائی جانے والی فلموں کی فہرست سے خارج کر دیاہے۔

20 سے 27 اکتوبر تک ہونے والے ما می ممبئی فیسٹیول کے منتظمین کا کہنا ہے کہ میلے میں نمائش کے لیے منتخب کی گئی 1959 میں ریلیز ہونے والی پاکستانی کلاسیکی فلم جاگو ہوا سویرا نہیں دکھائی جائے گی۔ ایم ایم ایف کے مطابق یہ فیصلہ سنگھر ش نامی ایک بھارتی تنظیم کی شکایت کے بعد کیا گیا ہے۔

مظاہرین نے فلم فیسٹیول کی انتظامیہ کو دھمکی دی تھی کہ اگر پاکستانی فلم کی نمائش نہ روکی گئی تو فلمی میلے کو چلنے نہیں دیا جائے گا۔

فیسٹیول کے منتظمین کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے میلے میں کلاسیکی فلموں کے سیکشن میں منتخب پاکستانی فلم جا گو ہوا سویرا کی نمائش روک دی گئی ہے۔

فلم جاگو ہوا سویرا 1958 میں تخلیق کی گئی تھی۔ اسے فیض احمد فیض نے لکھا تھا۔ یہ فلم سود خوروں کی گرفت کا شکار ماہی گیروں کی کہانی ہے۔ اس میں کولکتہ میں رہنے والے موسیقار تیمر بارن نے موسیقی دی ہے۔ اس فلم میں مرکزی کردار ایک بھارتی نے ادا کیا تھا اور اس کی شوٹنگ ڈھاکہ میں ہوئی تھی جو اس وقت مشرقی پاکستان کا سب سے بڑا شہر تھا۔