پاک چین فرینڈ شپ کار ریلی لاہور پہنچ گئی

پاک چین فرینڈ شپ کار ریلی لاہور پہنچ گئی

نمائندہ ہم شہری۔۔۔

پاک چین فرینڈ شپ کار ریلی لاہور پہنچ گئی ہے ۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری سے متعلق آگاہی پھیلانے کے لئے یہ کار ریلی چین کے مغربی علاقے سنکیانگ سے روانہ ہوئی ہے۔

یہ کار ریلی خنجراب سے براستہ شاہراہ ریشم ایبٹ آباد سے ہوتی ہوئی اسلام آباد اور وہاں سے براستہ موٹر وے آج لاہور پہنچی ہے۔ لاہور سے آگے کار ریلی پنجاب کے مختلف شہروں سے ہوتی ہوئی سندھ میں داخل ہو گی اور وہاں سے بلوچستان۔بلوچستان میں اس کار ریلی کا آخری پوائنٹ گوادر کی بندر گاہ ہے، جہاں سے یہ ایران میں داخل ہو جائے گی اور وہاں سے متحدہ عرب امارات میں داخل ہو جائے گی۔

لاہور پہنچنے پر سیاسی رہنماوں اورضلعی انتظامیہ کے حکام نے ریلی کے شرکا کا استقبال کیا ۔

اٹھارہ گاڑیوں پر مشتمل کار ریلی دو روز لاہور میں قیام کرے گی اور اس دوران لاہور کی مختلف شاہراوں سے گزرے گی تاہم ابھی تک روٹس کی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔ گاڑیوں میں پاکستان اور چین دونوں ممالک کے لوگ سوار ہیں ۔

پہلی بار اس طرح کار ریلی کے ذریعے پاک چین اقتصادی راہداری کی افادیت اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور خطے کی اہمیت کو اجاگر کیا جا رہا ہے ۔