بھارتی اداکار اوم پوری انتقال کر گئے

بھارتی اداکار اوم پوری انتقال کر گئے

نیوز ڈیسک… 

بالی وڈ کے اداکار اوم پوری 66 برس کی عمر میں آج چھ جنوری کی صبح انتقال کر گئے ہیں۔ بھارتی خبررساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق اوم پوری کا انتقال ان کے گھر پر دل کا دورہ پڑنے سے ہوا۔

اوم پوری 18 اکتوبر 1950 کو بھارت کے صوبے ہریانہ کے شہر انبالہ میں پیدا ہوئے تھے۔ انھوں نے بالی وڈ کے علاوہ پاکستانی اور برطانوی فلموں میں بھی کام کیا۔ انہوں نے برطانوی اور ہالی وڈ فلموں میں متعدد پاکستانی کردار ادا کیے۔ ان کی تازہ ترین پاکستانی فلم ایکٹر ان لا تھی جس میں انھوں نے فہد مصطفیٰ کے والد کا کردار ادا کیا تھا۔

   اوم پوری پاک بھارت دوستانہ تعلقات کے زبردست حامی تھے اور دونوں ملکوں کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان کی حمایت میں بیان دینے پر اوم پوری کو بھارت میں شدید تنقید کا سامنا بھی پڑا تھا۔

اوم پوری کو ہندوستان کے چوتھے بڑے سویلین اعزاز پدما شری سے بھی نوازا گیا۔

اوم پوری نے فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا سے تعلیم حاصل کی تھی۔ اس سے قبل دہلی کے نیشنل سکول آف ڈراما سے بھی انھوں نے تربیت لی تھی جہاں نصیرالدین شاہ ان کے ساتھی طلبا میں سے ایک تھے۔

فلم انڈسٹری سے وابستہ مختلف فنکاروں کا کہنا ہے کہ وہ ایک اچھے اداکار کے ساتھ ساتھ بہترین انسان اور لوگوں کی پسندیدہ شخصیت تھے۔