آئی فونز اب بھارت میں بھی تیار ہوں گے

آئی فونز اب بھارت میں بھی تیار ہوں گے

سائنس ڈیسک…

آئی فون بنانے والی مشہور امریکی کمپنی ایپل اب رواں برس سے بھارت میں بھی اپنے فونز کی تیاری شروع کر دے گی۔ بھارتی حکام کے مطابق ایپل کمپنی اپنے آئی فونز کو بھارت میں اسمبل کرنے پر تیار ہو گئی ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے بھارتی ریاست کرناٹک کے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور بائیو ٹیکنالوجی کے وزیر پریانک گھڑگے کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایپل کمپنی نے بھارت میں اپنے آئی فونز کی تیاری پر رضا مندی ظاہر کر دی ہے اور آئندہ کچھ مہینوں میں اس حوالے سے عملی کام شروع کر دیا جائے گا۔ بقول ان کے رواں برس اپریل کے آخر سے آئی فونز کی بنگلور میں پروڈکشن کا عمل شروع ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں اسمبل کیے جانے والے آئی فونز دراصل بھارتی مارکیٹ کے لیے ہی ہوں گے۔

ایپل کے چیف ایگزیکٹیو ٹم کک نے رواں ہفتے ہی کہا تھا کہ وہ سوا ارب کی آبادی والے ملک بھارت میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری پر غور کر رہے ہیں۔

نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق کے بھارت میں موبائل فونز کی مارکیٹ میں ایپل کمپنی کا حصہ صرف دو فیصد ہے جبکہ اس کے مقابلے میں اس کی حریف کمپنی سام سانگ کا حصہ 23 فیصد ہے۔

یہ واضح نہیں کہ آیا بھارت میں آئی فونز کی تیاری سے مقامی سطح پر اس کی مقبولیت میں واقعی اضافہ ہو سکے گا۔ تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ سمارٹ فونز بھارت میں تیار کیے جائیں گے تو اس سے کمپنی کے اخراجات میں کمی ہو گی اور یوں بھارت میں آئی فون کم قیمت پر دستیاب ہو سکیں گے۔ اس طرح امکان ہے کہ بھارت میں آئی فونز کی مانگ بڑھ سکتی ہے۔