پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے بھارتی بورڈ کا حکومت کو خط

پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے بھارتی بورڈ کا حکومت کو خط

سپورٹس رپورٹر…

بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے ساتھ سیریز کھیلنے کے لیے اپنی حکومت کو خط لکھ دیا ہے۔ بی سی سی آئی نے حکومت کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ یہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ سیریز کے لیے مفاہمتی یادداشت ہے جس کے مطابق دونوں ملکوں کو سیریز کھیلنی ہے۔

بھارتی حکومت کی اجازت کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان رواں سال ستمبر یا اکتوبر میں متحدہ عرب امارات میں سریز کھیلی جا سکتی ہے۔ یاد رہے آئی سی سی میں بگ تھری کے لیے پاکستان نے بھارت کے حق میں مشروط طور پر ووٹ دیا تھا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یار خان نے چند روز قبل دھکمی دی تھی کہ اگر بھارت نے سیریز نہ کھیلی تو کھیلوں کی عالمی عدالت سے رجوع کریں گے جس کے بعد بھارت کو جرمانہ بھی ادا کرنا پڑ سکتا ہے۔

دونوں ممالک کے کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ سیریز کا ہونا ممکن دکھائی نہیں دیتا، بھارتی بورڈ نے انٹر نیشنل کرکٹ کونسل میں اپنی ساکھ کے لیے خط لکھا ہے تاہم بھارت کی حکومت کی طرف سے سیریز کی اجازت ملنا بہت مشکل ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان آخری ون ڈے سیریز جنوری 2013میں کھیلی گئی تھی جس میں پاکستان نے بھارت کو شکست دی تھی۔