یونس خان، ٹیسٹ کرکٹ میں10ہزار رنز بنانے والے پہلا پاکستانی

یونس خان، ٹیسٹ کرکٹ میں10ہزار رنز بنانے والے پہلا پاکستانی

سپورٹس ڈیسک…

 پاکستان کے مایہ ناز بلے باز یونس خان نے ٹیسٹ کرکٹ میں 10 ہزار رنز مکمل کر لیے ہیں۔ وہ طویل دورانئے کی کرکٹ میں رنز کے پانچ ہندسے عبور کرنے والے پہلے پاکستانی اور دنیا کے 13ویں کھلاڑی ہیں۔

یونس خان جو جو ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنے کریئر کی آخری سیریز کھیل رہے ہیں،  کو کنگسٹن میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میں 10 ہزار رنز مکمل کرنے کے لیے 23 رنز درکار تھے۔ یونس خان نے محتاط بیٹنگ کی اور 84 گیندوں میں 23 رنز سکور کر کے اپنے 10 ہزار رنز مکمل کیے۔ یہ اس طرح وہ دنیا کے ان 13 عظیم کرکٹ کھلاڑیوں میں شامل ہو گئے ہیں جنہوں نے ٹیسٹ میں 10ہزار یا اس سے زیادہ رن بنائے ہیں۔

یونس خان کا نام حال ہی میں وزڈن کے سال کے پانچ بہترین کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا۔ یونس خان نے ایک ویڈیو پیغام میں اس کامیابی کو فیملی، والدین اور باب وولمر کے نام کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ صرف ان کی نہیں پورے پاکستان کی کامیابی ہے۔

29نومبر 1977 کو مردان میں پیدا ہونے والے 39 سالہ یونس خان نے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز 2000 میں سری لنکا کے خلاف راولپنڈی میں کیا۔ وہ اپنا 116واں ٹیسٹ میچ کھیل رہے ہیں، ان کی بہترین اننگز 313رنز کی ہے۔

10 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنے سے قبل انہوں نے 34سنچریاں اسکور کیں ،جس میں 6 ڈبل سنچریاں بھی شامل ہیں، اس کے ساتھ انہوں نے 32نصف سنچریاں بھی بنائیں۔

اس فہرست میں بھارت کے سچن ٹنڈولکر سب سے اوپر ہیں، جنہوں نے 15 ہزار 9 سو 21 رن بنائے ہیں۔ بھارت ہی کے راہول ڈریوڈ اور سُنیل گواسکر 10،10 ہزار رن بنا چکے ہیں۔

آسٹریلیا کے رِکی پونٹنگ نے 13 ہزار3 سو78 رن بنا چکے ،ان ہی کے ہم وطن ایلن بارڈر اور اسٹیو وا نے بھی  10 ہزار رن کا سنگ میل عبور کررکھا ہے۔