ایرانی نژاد ریاضی دان مریم مرزا خانی وفات پا گئیں

ایرانی نژاد ریاضی دان مریم مرزا خانی وفات پا گئیں

نیوز ڈیسک…

ریاضی کا سب سے بڑا عالمی ایوارڈ جیتنے والی ایرانی نژاد خاتون ریاضی دان مریم مرزا خانی امریکہ کے ایک ہسپتال میں وفات پا گئی ہیں۔ ان کی عمر 40 برس تھی اور وہ پچھلے کچھ عرصے سے کینسر میں مبتلا تھیں۔

مریم مرزا خانی کو 2014 میں ریاضی کے سب سے موقر انعام "فیلڈز میڈل” سے نوازا گیا تھا۔ اس اعزاز کو عرف عام میں ریاضی کے نوبل انعام کا درجہ حاصل ہے۔ مرزا خانی آج تک یہ ایوارڈ جیتنے والی واحد خاتون تھیں۔

ہارورڈ یونیورسٹی کی تعلیم یافتہ پروفیسر مریم مرزا خانی کیلیفورنیا کی سٹینفورڈ یونیورسٹی سے منسلک تھیں۔ بے ترتیب اشکال کی جیومیٹری کی ماہر کے طور پر انہوں نے بے قاعدہ یا مڑی ہوئی سطحوں کا حجم معلوم کرنے کا ایک نیا طریقہ مرتب کیا تھا۔

مرزا خانی 1977 میں ایران کے دارالحکومت تہران میں پیدا ہوئیں۔ 1999 میں انہوں نے ایران کی شریف یونیورسٹی سے گریجویٹ کیا جس کے بعد وہ مزید تعلیم کے لیے امریکہ چلی گئیں جہاں 2004 میں ہارورڈ یونیورسٹی سے انہوں نے پی ایچ ڈی کی۔

مرزا خانی ریاضی کےمیدان میں عالمی سطح پر اس وقت نمودار ہوئیں جب انہوں نے 1994 اور 1995 میں مسلسل دو برس انٹرنیشنل میتھ اولمپیاڈ میں گولڈ میڈل حاصل کیا۔ وہ 2008 میں سٹینفورڈ یونیورسٹی میں میتھیمیٹکس کی پروفیسر مقرر ہوئیں اور اس وقت اپنے شوہر اور تین سالہ بیٹی کے ساتھ رہتی تھیں۔