اسفند یار ولی اور نسیم ولی خان میں اتحاد

اسفند یار ولی اور نسیم ولی خان میں اتحاد

نیوز ڈیسک…

عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفند یار ولی خان اور بیگم نسیم ولی خان نے اپنے اختلافات ختم کرکے مشترکہ طور پر سیاسی جدو جہد  کا فیصلہ کر لیا ہے۔

اے این پی کے مرحوم بانی عبدالولی خان کی اہلیہ بیگم نسیم ولی خان نے اسفند یار ولی خان سے اپنے تمام اختلافات ختم کرکے اپنی سیاسی جماعت عوامی نیشنل پارٹی ولی (اے این پی ڈبلیو) کو اے این پی میں ضم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

یہ اعلان بیگم نسیم ولی خان نے اپنی رہائش گاہ ولی باغ میں ایک اجلاس کے دوران کیا جس میں ولی خان خاندان کے دیگر افراد اور پارٹی کے کئی عہدیدار بھی شریک تھے۔

خیبر پختونخوا کے سابق وزیراعلیٰ اور بیگم نسیم ولی خان کے بھتیجے امیر حیدر خان ہوتی بھی اس موقع پر موجود تھے، جنہوں نے اس خاندانی تناؤ کو ختم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

یاد رہے پچھلے چند برس سے بیگم نسیم ولی خان اور اسفند یار ولی خان کے اختلافات بڑھ گئے تھے جس کے بعد نسیم ولی خان نےعوامی نیشنل پارٹی  ولی کے نام سے اپنا الگ دھڑا  بنا لیا تھا۔