جنوبی کوریا میں امریکی میزائل شکن نظام کے خلاف احتجاج

جنوبی کوریا میں امریکی میزائل شکن نظام کے خلاف احتجاج

انٹر نیشنل ڈیسک…

جنوبی کوریامیں امریکی میزائل شکن دفاعی نظام تھاڈ کی تنصیب کے خلاف مظاہرہ کرنے والے افراد اور پولیس میں جھڑپ سے متعدد مظاہرین زخمی ہو گئے ہیں۔

 یہ جھڑپیں سیونگجئو  نامی قصبے کی اس سڑک پر ہوئيں، جو اس مقام کی طرف جاتی ہے جہاں امریکی تھاڈ میزائل نصب ہیں۔ اس سڑک پر 400 کے قریب مظاہرین نے بدھ 6 ستمبر کی رات سے دھرنا دیا ہوا تھا۔ ان کو سڑک سے ہٹانے کے لیے جنوبی کوریائی پولیس کی کارروائی میں کم از کم 38 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

لوگوں کے پتھراؤ اور بوتلیں پھینکنے سے چھ پولیس اہلکاروں کے زخمی ہونے کا بھی بتایا گیا ہے۔ پولیس اور مظاہرین کی جھڑپوں میں کئی کاروں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

 امریکہ نے جنوبی کوریا میں تھاڈ میزائل کے ساتھ ساتھ کئی اضافی میزائل لانچرز کی تنصیب بھی شروع کر دی ہے۔