نوازشریف، بچوں اور اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنس دائر کر دئیے گئے

نوازشریف، بچوں اور اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنس دائر کر دئیے گئے

نمائندہ ہم شہری…

قومی احتساب بیورو (نیب) نے شریف خاندان اور اسحاق ڈار کے ریفرنسز اسلام آباد کی احتساب عدالت میں دائر کردیئے ہیں۔

نیب کے ایگزیکٹو بورڈ نے گزشتہ روز 4 ریفرنسز کی منظوری دی جن میں سے 3 ریفرنسز شریف خاندان اور ایک وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف ہے۔ آج نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفرعباسی ٹیم کے ہمراہ رجسٹرارآفس پہنچے  اور اسلام آباد کی احتساب عدالت کے رجسٹرار آفس میں ریفرنس دائر کیے گئے۔

نیب کی پراسیکیوشن ٹیم نے شریف خاندان کے خلاف تین ریفرنس دائر کیے ہیں۔ شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ پراپرٹیز اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ کے 2 ریفرنسز  دائر کیے گئے جب کہ ایک ریفرنس عزیزیہ اسٹیل مل کے معاملے پر دائر کیا گیا ہے۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف ناجائز اثاثہ جات ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کیا گیا ہے۔

 ریفنرنسز کے ساتھ جے آئی ٹی کے 9 جلدیں بھی لگائی گئی ہیں جو ہر ریفرنس کے ساتھ منسلک ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ رجسٹرار آفس میں ریفرنسز کی سکروٹنی کے بعد انہیں اسلام آباد یا راولپنڈی کی عدالت میں دائر کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

دوسری جانب اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج نثار بیگ کا عین وقت پر لاہور ہائیکورٹ تبادلہ کردیا گیا ہے جس کے بعد اسلام آباد کی احتساب عدالتوں میں 2 ججز میں سے صرف ایک جج دستیاب ہیں جبکہ اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پہلے ہی 40 مقدمات کی سماعت جاری ہے۔