جسٹس کھوسہ نے حدیبیہ کیس سننے سے معذرت کر لی، بینچ ٹوٹ گیا، کیس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی

جسٹس کھوسہ نے حدیبیہ کیس سننے سے معذرت کر لی، بینچ ٹوٹ گیا، کیس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی

نمائندہ ہم شہری… 

سپریم کورٹ کے جسٹس آصف سعید کھوسہ نے حدیبیہ پیپرز ملز کیس کھولنے کی اپیل سننے سے معذرت کر لی ہے، جس کے نتیجے میں کیس کی سماعت کرنے والا بینچ ٹوٹ گیا اور سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی ہوگئی ہے۔

حدیبیہ ریفرنس کھولنے کی اپیل کی سماعت کے لیے نیا بینچ تشکیل دینے کی درخواست چیف جسٹس کو بھجوا دی گئی ہے جبکہ نیب نے کیس کو آئندہ ہفتے سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا کی ہے۔

جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ رجسٹرار آفس نے کیس غلطی سے ان کی سربراہی میں تشکیل دئیے گئےبینچ کے سامنے لگا دیا۔ جسٹس کھوسہ کے مطابق رجسٹرار آفس نے شاید پاناما کیس پر ان کا فیصلہ نہیں پڑھا۔ بقول ان کے پاناما کیس کے اپنے فیصلے میں وہ حدیبیہ کیس کھولنے کے حوالے سے ایک حد تک فیصلہ دے چکے ہیں۔

جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ پاناما کیس میں چیئرمین نیب کو بھی بلایا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ باقی ججزکے فیصلوں کے متعلق میں کچھ نہیں کہوں گا تاہم میں نے اپنے فیصلے میں حدیبیہ کیس سے متعلق 14 پیراگراف لکھے ہیں۔

قومی احتساب بیورو (نیب) نے شریف فیملی کے خلاف حدیبیہ پیپرز ملز مقدمے کو دوبارہ کھولنے کے لیے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔ سپریم کورٹ نے حدیبیہ پیپر ملز کیس دوبارہ کھولنے کی اپیل کے لیے جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں بنچ تشکیل دیا تھا جس کی آج پہلی سماعت تھی۔