پانامہ کیس، نظر ثانی درخواست کا فیصلہ 27 محکموں اور اداروں کو ارسال

پانامہ کیس، نظر ثانی درخواست کا فیصلہ 27 محکموں اور اداروں کو ارسال

نمائندہ ہم شہری…

سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست پرتفصیلی تحریری جواب 27 سرکاری محکموں اور اداروں کو ارسال کر دیا ہے۔

سپریم کورٹ کی جانب سے پاناما نظرثانی کیس کے تفصیلی تحریری فیصلے کی نقول صدر مملکت، وزیراعظم اور الیکشن کمیشن کے سیکرٹریز کو بھجوائی گئی ہیں۔

فیصلے کی نقل قومی اسمبلی کے سپیکر اور سینیٹ کے چیئرمین اور پراسیکیوٹر جنرل نیب کو بھی بھجوائی گئی ہے۔ علاوہ ازیں اسلام آباد کی احتساب عدالت، اٹارنی جنرل آف پاکستان، کابینہ ڈویژن، وزارت قانون اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو بھی پناما نظرثانی کیس کا فیصلہ بھجوایا گیا ہے۔

 وزارت داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے، چیئرمین ایس ای سی پی کو بھی یہ فیصلہ ارسال کیا گیا ہے جبکہ وزارت دفاع کی وساطت سے ڈی جی آئی ایس آئی اور ڈی جی ایم آئی کو بھی عدالتی فیصلے کی نقول بھجوائی گئی ہیں۔

گورنر سٹیٹ بینک، پانچوں ہائیکورٹس، چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز کو بھی پاناما نظرثانی کیس کا تحریری تفصیلی فیصلہ بھجوایا گیا ہے۔

سپریم کورٹ نے نواز شریف کی جانب سے پاناما فیصلے پر نظرثانی کی درخواست کا فیصلہ 7 نومبر کو سنایا تھا۔