امریکی ڈرون طیارے ملکی حدود میں آئے تو مارگرائیں گے، سہیل امان

امریکی ڈرون طیارے ملکی حدود میں آئے تو مارگرائیں گے، سہیل امان

نمائندہ ہم شہری…

پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل سہیل امان کا کہنا ہے کہ امریکی ڈرون طیارے ملکی حدود میں آئے تو مارگرائیں گے۔ ائیرچیف مارشل کا کہنا تھا کہ کامرہ بیس حملے میں دہشت گردوں نے ایک ساب ائیرکرافٹ طیارہ مکمل تباہ جب کہ دوسرے کو جزوی نقصان پہنچایا، ان طیاروں کو بنانے کے لئے عالمی ادارے نے 287 ملین ڈالرز مانگے لیکن وہی طیارے ہمارے نوجوانوں، انجینئر اور سائنسدانوں نے صرف 25 ملین ڈالرز میں دوبارہ پرواز کے لئے تیار کرلئے اور پاکستان ساب جہازوں کی 5ویں سرٹیفکیشن ایجنسی بن گیا ہے۔

 ائیر چیف سہیل امان نے کہا کہ کامرہ ائیربیس  حملے کے بعد ہم نے ناصرف ائیرفورس کو ہرلحاظ سے مضبوط کیا بلکہ پاکستان کو ہر لحاظ سے خود کفیل کرنے کا عزم کرلیا۔ اب ہم خود جنگی جہاز بنائیں گے اور ائیرٹیکنالوجی کی بھیک بھی نہیں مانگنی پڑے گی۔

ایئرچیف مارشل سہیل امان کا کہنا تھا کہ پاکستان سالانہ 16 سے 20 جے ایف 17 تھنڈر طیارے بنارہا ہے۔

سربراہ پاک فضائیہ نے کہا کہ ہمارا خطہ چیلنجز اور انتہائی مشکلات سے دوچار رہا ہے۔ کئی ممالک میں معاشی مفاد اور دیگر عناصر اثر انداز ہوتے رہے جب کہ پاکستان کو اپنے ہی پڑوسی ممالک نے نقصان پہنچانے کی کوشش کی جس میں سرفہرست بھارت ہے اور کامرہ ائیربیس پر حملے کے پیچھے بھی بھارت کا ہی ہاتھ تھا۔