روس نے میڈیا کے 9 امریکی اداروں کو غیر ملکی ایجنٹ قرار دے دیا

روس نے میڈیا کے 9 امریکی اداروں کو غیر ملکی ایجنٹ قرار دے دیا

انٹر نیشنل ڈیسک…

روس نے ذرائع ابلاغ کے 9 امریکی اداروں کو غیر ملکی ایجنٹ قرار دے دیا ہے۔ ماسکو میں وزارت انصاف نے بتایا ہے کہ ان میں وائس آف امریکہ اور ریڈیو فری یورپ بھی شامل ہیں۔

ان اداروں کے لیے کام کرنے والے صحافیوں پر روسی وفاقی اداروں اور پارلیمان میں داخلے پر پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔

روس کا یہ اقدام امریکہ کی جانب سے روسی نیوز چینل آر ٹی پر پابندی کا ردعمل ہے۔ امریکہ نے اس سال نومبر میں روس کےعالمی نیوز چینل آر ٹی کو غیر ملکی ایجنٹ کے طور پر اندارج کر دیا تھا۔

صدر ولادی میر پوٹن کی جانب سے ایک قانون پر دستخط کرنے کے بعد سے غیر ملکی سرمائے سے چلنے والے نشریاتی اداروں کی سخت نگرانی کی جا رہی ہے۔

روس میں غیر سرکاری تنظیموں کے حوالے سے بھی اسی طرح کے قوانین لاگو کر دیے گئے ہیں۔